ویب ڈیسک: قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں اسموگ کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں اسموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں اور سندھ کے بالائی حصوں میں بھی دھند میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسموگ کے باعث کئی شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہی ہیں۔