ویب ڈیسک :بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کے معاملے میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا میں شائع رپورٹوں کے مطابق، یہ مشتبہ شخص دیکھنے میں بالکل ویسا ہی ہے جیسا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آیا تھا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی سی پی ممبئی کے مطابق، گرفتار مشتبہ شخص ہاؤس بریکنگ کے کئی مقدمات میں مطلوب ہے۔ پولیس اسے پہلے بھی گرفتار کر چکی ہے اور اس سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔
یادرہے پولیس کی 20 ٹیمیں جنہیں مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا کام دیا گیا اپنا کام کررہی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام کو شبہ ہے کہ حملہ آور نے فرار ہونے سے پہلے اپنے کپڑے تبدیل کیے تھے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ مشتبہ شخص گھر کے اندر پہلے سے موجود تھا یا باہر سے آیا تھا۔
ممبئی میں بالی وڈ اسٹارز کی سکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ سلمان خان کے گھر پر حملے اور دھمکی کے بعد اب 16 جنوری 2025 کو ایک حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر گھس کر چاقو سے ان پر 6 مرتبہ وار کیا۔ ان
حملوں سے فلمی دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس دوران بعض رپورٹس میں کہا گیا کہ حملہ آور نے شاہ رخ خان کے گھر ’مَنّت‘ کی بھی ریكی کی تھی۔تاہم پولیس نے اسے افواہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیاہے۔تحقیقات کے دوران سیف کے گھر سے ایک قدیم تلوار بھی برآمد ہوئی ہے، جسے خاندانی ورثہ سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم پولیس کو ابھی اس کی مکمل تفصیلات نہیں مل سکی ہیں۔
حملے سے پہلے کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف ہوا کہ حملہ آور نے گھر میں گھسنے سے پہلے ایک ملازمہ کے ساتھ جھگڑا کیا تھا۔ حملے کی اطلاع ملنے میں تاخیر کے سبب پولیس کو کارروائی کرنے میں وقت لگا
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں دفعہ 311 ، دفعہ 331 (4) شامل ہیں۔