ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے نالہ لئی کے آس پاس رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ خطرے کے سائرن پر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاری رکھیں اور امدادی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این ڈی ایم اے اور متعلقہ محکمے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک اور تیار ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں، جن سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔