ویب ڈیسک: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کیلئےہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر تک، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافے کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اضافے کے عوام پر اثرات کم کرنے کے لیے حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی پر غور کر رہی ہے، تاہم نئی قیمتوں کا حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بعض عناصر کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی مبینہ ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔