ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں شریک جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف پر اندرونی معلومات سے مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں "بے بنیاد" قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ یہ دعوے مکمل طور پر غلط ہیں۔ ان کے بقول جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے قابلِ اعتماد ارکان ہیں اور یہ تصور بھی مضحکہ خیز ہے کہ وہ مذاکرات سے متعلق اندرونی معلومات کو مالی مفاد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
امریکی نائب صدر کا یہ بیان اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں ڈراپ سائٹ نیوز نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران جے ڈی وینس کو ایک پیغام بھیجا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس پیغام میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف بطور مذاکرات کار اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ انہیں ایسا کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند گھنٹے قبل ہی جے ڈی وینس نے اسرائیلی حکومت کے بعض ارکان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مبینہ غیر ملکی اثر و رسوخ کی مہم کے ذریعے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔