ویب ڈیسک: ایران نے اسرائیل کے خلاف سائبر محاذ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسا حملہ کیا ہے جس میں اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا، اور انہیں محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے اور ایندھن ذخیرہ کرنے جیسے پیغامات موصول ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سائبر حملہ ایرانی ہیکرز کی جانب سے کیا گیا جس کا مقصد اسرائیلی عوام میں خوف اور انتشار پھیلانا تھا۔ اسرائیلی حکام نے فوری طور پر اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان پیغامات کو نظر انداز کریں کیونکہ یہ ایران کی طرف سے ایک ڈیجیٹل حملہ ہے۔
اس حملے کے دوران ایک اسرائیلی ٹی وی چینل کی لائیو نشریات بھی مبینہ طور پر ہیک کر لی گئیں، جس پر اینکرز حیرت میں مبتلا ہو گئے اور نشریات عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔
یہ سائبر کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کی جانب سے اسرائیل پر روایتی حملوں میں بھی شدت آئی ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات ایران نے تل ابیب اور حیفہ پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں حیفہ میں واقع ایک بڑی ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر بند ہو گئی جبکہ تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملے صبح تک جاری رکھے جائیں گے، جب کہ اس سے ایک دن قبل بھی اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے گئے تھے، جن میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور 92 زخمی ہوئے۔
اب تک جمعے سے لے کر اب تک کے ایرانی حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24 اسرائیلی شہری جاں بحق جبکہ 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی انتہائی سطح تک پہنچ چکی ہے۔