ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) کیا ٹیسٹ میچ چاردنوں کا ہونے جارہا ہے؟ آئی سی سی نے سوچ بچار شروع کردیا۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے ٹیسٹ میچز کو 5 کی بجائے4 روز کا کرنے پر آمادگی کا اظہارکردیا ہے۔ تاہم انگلینڈ،آسٹریلیا اور بھارت 5 روزہ میچز کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹیسٹ میچز میں نئی تبدیلی کرنے پر مشاورت شروع کر دی۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے29-2027سائیکل میں ٹیسٹ میچز کو 4 رو ز کا کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ ٹیسٹ میچ کو 4 روز کاکرنے کا مقصد چھوٹےممالک کو زیادہ ٹیسٹ میچز دینا ہے ۔تجویز کے مطابق ٹیسٹ میچ چار روز کا ہونے سے لاگت کم آنے کےساتھ کم وقت میں زیادہ میچز کا انعقاد ممکن ہوگا۔تاہم یہ فیصلہ تمام ممالک پر لاگو نہیں ہوگا۔صرف ٹیسٹ کھیلنے والے چھوٹے ممالک کے لئے ٹیسٹ میچ 4 روز کا کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈبدستور 5 روزہ ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیسٹ میچ کو 4 روز کا کرنےکی تجویز ورلڈٹیسٹ چیمپین شپ کےفائنل کے موقع پر آئی اور آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نےبھی 4 روزہ ٹیسٹ کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا ،انگلینڈ اور بھارت کو پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کو 5 روز کا رکھنے کی اجازت دی جائے گی، 4 روزہ ٹیسٹ میں ایک دن میں 90 کی بجائے 98 اوورز کھیلے جائیں گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا -27-2025سائیکل 5 روزہ ٹیسٹ میچز پر ہی مشتمل رہے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے پہلی مرتبہ 4 روزہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت 2017 میں دی تھی جبکہ گزشتہ ماہ انگلینڈ اور زمبابوے کےدرمیان بھی 4 روزہ ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔