(ویب ڈیسک ) پیرو کے ایک ماہی گیر کو، جو بحر الکاہل کے گہرے سمندر میں گم ہو گئے تھے، 95 دن بعد بچایا گیا تو انھوں نے انکشاف کیا کہ اس عرصے میں انھوں نے کچھوے، پرندے اور کاکروچ کھا کر خود کو زندہ رکھا۔
61 سالہ میکسیمو ناپا کاسترو سات دسمبر کو پیرو کے جنوبی ساحل پر واقع ساحلی قصبے مارکونا سے دو ہفتے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
تاہم دس دن بعد ایک طوفان نے ان کی کشتی کو راستے سے بھٹکا دیا تو ان کے اہلخانہ نے ان کی تلاش شروع کی۔ پیرو کے سمندری دستے بھی انھیں تلاش کرنے میں ناکام رہے۔
بدھ کے روز ایکواڈور کے ایک بحری جہاز نے انھیں ساحل سے 1,094 کلومیٹر دور تشویشناک حالت میں پایا۔ وہ پانی کی کمی کا شکار ہو چکے تھے۔
میکسیمو پینے کے لیے اپنی کشتی میں بارش کا پانی جمع کرتے اور سمندر سے جو کچھ بھی مل سکتا تھا اسے کھا کر زندہ رہے۔
جمعے کے دن اپنے بھائی کے ساتھ ایک جذباتی ملاقات میں انھوں نے بتایا کہ کس طرح انھوں نے سمندری کچھوؤں کا سہارا لینے سے پہلے کاکروچ اور پرندے بھی کھائے تھے۔ ان کے آخری 15 دن بغیر کھانے کے گزرے۔
کاسترو نے کہا کہ ’میں ہر روز اپنی ماں کے بارے میں سوچتا تھا۔ میں خدا کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے دوسرا موقع دیا۔‘