ویب ڈیسک: موٹر ویز کے سینٹرل ریجن کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران موٹر وے پر قربانی کے جانور لے جانے والی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ اوور لوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔ موٹر وے کی بجائے جانوروں کی ترسیل کے لیے متبادل اور محفوظ راستے استعمال کیے جائیں گے۔
موٹر وے حکام نے بتایا کہ ماضی میں ایسی گاڑیوں کے باعث متعدد خطرناک حادثات ہو چکے ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹری پوائنٹس پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کریں اور مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کریں۔