(ویب ڈیسک ) ماڑی انرجیز نے سندھ کے علاقے ڈھرکی سے تیل اور گیس کی دریافت کا اعلان کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دریافت ماڑی غزیج سی ایف بی ون ایکسپلوریشن ویل سے ہوئی ہے، ماڑی انرجیز، ماڑی ڈیویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی 100 فیصد حقوق کے ساتھ آپریٹر ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ماڑی غزیج سی ایف بی ون ایکسپلوریشن کنواں تیل سے بھرپور زونز کو ہدف بنا کر کھودا گیا تھا، ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے 305 بیرل یومیہ تیل اور یومیہ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ ایک مربوط ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنی ہے، کمپنی ڈھرکی میں ماڑی فیلڈ میں پاکستان کےسب سے بڑے گیس ذخیرے کو چلا رہی ہے، ماڑی انرجیز تقریباً 30 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ ملک کی گیس پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔
ایم ڈی ماڑی انرجیز فہیم حیدر کا کہنا ہے کہ ماڑی انرجیز کا مقصد حکومت کی ان کوشش میں معاونت فراہم کرنا ہے، کمپنی کی کوششوں سے ملک میں گیس کی کم ہوتی پیداوار کو بڑھایا جا سکے گا۔