بادل برسیں گے،اولے بھی گریں گے!این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

بادل برسیں گے،اولے بھی گریں گے!این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
کیپشن: بادل برسیں گے،اولے بھی گریں گے!این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں آج اور کل طوفانی بارش اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

 تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کر دی گئی، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہےکہ مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، سرگودھا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع گرمی کے زیر اثر ہی رہیں گے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری ہونے کی توقع ہے۔اس دوران دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعد از دوپہر مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب اور میانوالی بھی شدید موسم کی زد پر آ سکتے ہیں جبکہ لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ کیلئے بھی موسم کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے آگاہ رہنے کیلئے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کریں۔

Watch Live Public News