ویب ڈیسک: پی ایس ایل 11 کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے راولپنڈی کنگز کو 54 رنز سے شکست دی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 211 رنز بنائے، جس کے جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ راولپنڈی کی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، یاسر خان نے 58 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان 9 اور شاہ زیب خان 7 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈینئل سیمز اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور کی اننگز میں فخر زمان 54 گیندوں پر 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ محمد فاروق نے 63 اور عبداللہ شفیق نے 26 رنز کا اضافہ کیا۔ راولپنڈی کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
میچ سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔