آج سے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشیں،الرٹ جاری

آج سے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشیں،الرٹ جاری
کیپشن: آج سے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشیں،الرٹ جاری

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ نیا اسپیل23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بونیر، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، لیہ، بھکر اور میانوالی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش ہوگی۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور بدین میں بارش کا امکان ہے، جبکہ دادو، خیرپور، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، کشمور، شہید بے نظیر آباد، کراچی، سانگھڑ، اسلام کوٹ، نگرپارکر اور میرپور خاص میں بھی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، لورالائی، کوہلو، قلات، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد اور خضدار میں بھی تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ آواران، اورماڑہ، پسنی اور لسبیلہ کے کچھ علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News