لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو ہوگی

لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو ہوگی
کیپشن: لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو ہوگی

ویب ڈیسک: لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تین روزہ بسنت کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

ڈی سی لاہور کے مطابق بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کے لیے نئے حفاظتی قواعد و ضوابط بھی جاری کیے ہیں، جن کے تحت پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر کی جاسکے گی، جبکہ چھت کی چار دیواری کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند ہونا ضروری ہوگا۔

بچوں کو بغیر نگرانی چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر پابندی ہوگی۔

قواعد کے تحت دھاتی تار، نائلون اور شیشے سے لیپ شدہ ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ پتنگوں پر کسی شخصیت، ملک یا سیاسی جماعت کا جھنڈا یا تصویر لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

قانون کی خلاف ورزی پر 5 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ جبکہ ممنوعہ مواد کی تیاری یا فروخت پر 7 سال تک قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں بسنت کی تقریبات 25 سال بعد رواں برس بحال کی گئی تھیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 2027 میں بھی بسنت کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ منظم انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

Watch Live Public News