ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے جارح مزاج اوپنر ابھیشیک شرما بدستور مشکلات کا شکار ہیں اور مسلسل تیسری اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
احمد آباد میں کھیلے گئے اپنے آخری گروپ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف بھی ابھیشیک شرما کھاتہ نہ کھول سکے اور پہلے ہی اوور میں بولر دت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ یہ ایونٹ میں ان کا لگاتار تیسرا صفر ہے۔
اس سے قبل وہ امریکا اور پاکستان کے خلاف بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، یوں انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل تین بار صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ اس سے پہلے بھارت کے سابق فاسٹ بولر آشیش نہرا بھی ورلڈ کپ کی تین مسلسل اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
مزید برآں، ابھیشیک شرما نے ایک کیلنڈر ایئر میں بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بھی برابر کر لیا ہے۔ وہ 2026 میں اب تک پانچ مرتبہ صفر پر پویلین لوٹ چکے ہیں۔ اس سے قبل سنجو سیمسن 2024 میں پانچ بار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
بھارتی ٹیم انتظامیہ کے لیے اوپننگ پوزیشن پر یہ صورتِ حال تشویش کا باعث بن گئی ہے، خصوصاً ایونٹ کے اہم مرحلے سے قبل۔