ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 19 جولائی سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دوران ان ہواؤں کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، مری، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 19 سے 23 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی سمیت پنجاب کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی اور زیارت میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 32 اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ نالہ لئی، مقامی ندی نالوں، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔