پنجاب میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ کا نیا نظام نافذ

پنجاب میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ کا نیا نظام نافذ
کیپشن: پنجاب میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ کا نیا نظام نافذ

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا اور جانچ پڑتال کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاہنہ اور باغبانپورہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے بعد حکومت نے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی جانچ کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے کے بعد پنجاب حکومت نے متبادل طریقہ کار وضع کرتے ہوئے نئی پالیسی جاری کر دی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت اب تمام نجی اسکولوں کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے رجسٹرڈ سول انجینئر یا منظور شدہ انجینئرنگ فرم سے عمارت کی فٹنس کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان احکامات پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

حکومتی مراسلے کے مطابق جو نجی اسکول بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کریں گے، ان کی رجسٹریشن یا رجسٹریشن کی تجدید کا عمل مکمل نہیں کیا جائے گا۔

حکومت نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کے تحفظ کے لیے عمارتوں سے متعلق تمام قانونی، تعمیراتی اور حفاظتی تقاضے پورے کریں۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نجی اسکولوں کی عمارتوں کو محفوظ بنانا اور مستقبل میں کاہنہ اور باغبانپورہ جیسے حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔

Watch Live Public News