ویب ڈیسک: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم سیکٹر میں متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے تحت اوگرا کی نگرانی سے قیمتوں کے تعین کا عمل مزید شفاف اور مؤثر ہوگا۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے اوگرا کو روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی مکمل ڈی ریگولیشن کی جانب پیش رفت نہیں کی، تاہم یہ اس سمت میں ایک اہم ابتدائی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے عمل میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن حکومت ریاست اور عوام کے مفاد میں ضروری فیصلے کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اوگرا ڈی ریگولیشن کے عمل کی نگرانی کرے گی، جس سے قیمتوں کے تعین میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔ ان کے بقول وفاقی کابینہ نے تمام متعلقہ پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی عوامی مفاد کے خلاف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔