اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنما ملک امین اسلم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک امین اسلم نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تیرہ سال ہوچکے ، ایک خواب تھا پارٹی ساتھ بہت نشیب و فراز دیکھے، پاکستان فلاحی ریاست کا اک خواب کا حصہ تھا ۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ اس وقت ایک ایجنڈے نے پارٹی کو ہائی جیک کیا، اس پر پارٹی کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ ٹی وی پر سب کچھ دیکھ کر سکتے میں چلا گیا، اب اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں جلوس نکالے گئے ان کے ٹارگٹ فوجی تنصیبات تھیں، یہ ایجنڈا دشمنوں کا خواب پورا کررہا ہے، 9 مئی کو پارٹی کارکنان نے قانون ہاتھ میں لیا، پارٹی لیڈر شپ کو اس سب کی انکوائری کرانی چاہیے تھے۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عامر کیانی نے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کا واقعہ افسوس ناک ہے، میرا افواج پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، میرا عمران خان سے تعلق رہا ہے، ایک عرصے سے لاہور نہیں گیا، ہم ادارے اور ریاست کا حصہ ہیں۔ عامر کیانی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ذاتی طور پر مجھے تکلیف پہنچائی، میں نے کبھی افواج پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، ہماری بقا اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، جوان شہادتیں دے رہے ہیں، سب سے پہلے افواج کو ہٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ میرا 27 سال کا سفر ہے، پارٹی کے ساتھ میں نے گزشتہ ماہ تک مسلسل کام کیا۔ تحریک انصاف 1996 میں جوائن کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دادا اور خاندان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں، نو مئی کے واقعات نے میرے اوپر بہت اثر کیا ہے،9 مئی کا واقعہ بہت تکلیف دہ تھا، 9 مئی قومی سانحے کا دن تھا۔ فسوس ہے کہ 24 سال بعد ان واقعات کی وجہ سے سیاست سے دسبردار ہونا پڑا۔ جس نہج پر صورتحال آچکی ہے اس سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا، میں اب سیاست نہیں کروں گا۔