ویب ڈیسک: ہسپانوی ہائی کورٹ نے کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بے قصور قرار دے دیا اور حکم دیا ہے کہ شکیرا کو ادا کیے گئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ یورو سے زائد رقم سود سمیت واپس کی جائے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق شکیرا پر 2012ء سے 2014ء کے دوران 14.5 ملین یورو ٹیکس چوری کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ استغاثہ کا موقف تھا کہ شکیرا اس دوران اسپین میں مقیم تھیں لیکن ٹیکس ریکارڈ میں اپنی رہائش کسی اور ملک میں ظاہر کرتی رہیں۔ تاہم عدالت نے شکیرا کو بے قصور قرار دے کر الزامات مسترد کر دیے۔
شکیرا نے اپنے بیان میں کہا:"میں اپنے بچوں کے ساتھ زندگی میں سکون چاہتی ہوں اور نہیں چاہتی کہ میرے بیٹے مجھے طویل قانونی جنگ میں دیکھیں۔ ذہنی دباؤ اور جذباتی مشکلات اب ختم ہو گئی ہیں۔"
گلوکارہ نے مزید کہا کہ اسپین کے ٹیکس حکام نے ان کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا، جبکہ ان کی زیادہ تر آمدن 2014ء تک عالمی میوزک ٹورز سے حاصل ہوئی اور وہ طویل عرصے اسپین سے باہر رہتی رہیں۔
واضح رہے کہ شکیرا نے 2015ء میں اسپین کو اپنی مستقل ٹیکس رہائش قرار دیا اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ پہلے ہی 17.2 ملین یورو ٹیکس ادا کر چکی ہیں۔