ویب ڈیسک: بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ ملک بھر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے دائر درخواست پر نیپرا کل حتمی سماعت کرے گا، جس کے بعد صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
دستاویزات کے مطابق ڈسکوز نے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے کا ریلیف منتقل کرنے کی درخواست دی ہے۔
درخواست میں کیپسٹی چارجز میں 36 ارب 84 کروڑ روپے کمی، سسٹم استعمال چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی جبکہ انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے ریلیف کی استدعا شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق کوئلہ، گیس اور ہائیڈل ذرائع سے سستی بجلی پیدا ہونے اور عالمی ایندھن قیمتوں میں کمی کے باعث پیداواری لاگت کم ہوئی، جس سے بجلی ٹیرف میں کمی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
اگر نیپرا اس ریلیف کی منظوری دیتا ہے تو گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کو بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی کا فائدہ مل سکتا ہے۔