(ویب ڈیسک ) لاہو رہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب حکومت کو موٹر سائیکلیں بیٹری پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں ۔
سموگ تدارک کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے لاہور میں موٹر سائیکلوں کی سختی سے نگرانی کی ہدایت کر دی۔
تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت لاہور میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پالیسی بنائے، ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں بیان دیا کہ الیکٹرک بسوں کے حوالے سے بجٹ مختص کر دیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے الیکٹرک بسوں کی خریداری احسن اقدام ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی ہوگی، ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق حکومت پنجاب نے ایسے علاقوں کی نشاندھی کی ہے جہاں درخت لگائے جا سکتے ہیں، درخت لگانے کے لیے حکومت کو نئی زمین حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔
تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی پلان کے مطابق جی ٹی روڈ، ملتان روڈ اور فیروزپور روڈ پر موجود انڈسٹری یونٹس کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کیا جائے گا، اگر سموگ پالیسی پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیا جائے تو اس سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی۔