امریکا،سعودی عرب کوF35لڑاکاطیارے فروخت کرےگا

امریکا،سعودی عرب کوF35لڑاکاطیارے فروخت کرےگا
کیپشن: امریکا،سعودی عرب کوF35لڑاکاطیارے فروخت کرےگا

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب کو جدید ترین ایف۔35 لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج امریکا پہنچ رہے ہیں اور اسی سلسلے میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب امریکا سے 48 ایف۔35 طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جن کی مجموعی مالیت کئی ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

محمد بن سلمان آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، جس کے لیے خصوصی اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملاقات میں دفاعی تعاون، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سول نیوکلیئر پروگرام سمیت کئی اہم موضوعات پر گفتگو متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب امریکا سے باضابطہ سیکیورٹی ضمانت کا خواہاں ہے، جبکہ صدر ٹرمپ مئی میں دورۂ سعودی عرب کے دوران کیے گئے 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اوول آفس میں گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی ایٹمی صلاحیت "ختم کر دی ہے"۔ انہوں نے جرائم کا گڑھ بننے والے شہروں میں فوج تعینات کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ امریکا فیفا ورلڈ کپ کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے رہا ہے۔

Watch Live Public News