واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) آئی ایم ایف ، امریکہ اور جرمنی کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کے سب اکاؤنٹس بلاک کر رہے ہیں اور کسی قسم کی امداد بھی افغانستان پہنچنے نہیں دی جائے گی۔ آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کئے جانیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی تازہ صورتحال کے حوالے سے عالمی برادری کا موقف غیر واضح ہے ابھی یہ واضح نہیں ہو پا رہا کہ کیا افغانستان میں نئی حکومت کو تسلیم کیا جائے گا اور اس کے ساتھ عالمی برادری کا تعاون شامل ہو گا یا نہیں، اس لئے اس موقع پر یہ بہترین اقدام ہے کہ افغانستان کو فراہم کئے جانے والے فنڈز کو روک دیا جائے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے کہا گیا کہ افغانستان فی الحال غیر یقینی صورتحال کے باعث کئی وسائل تک رسائی حاصل نہیں کر پائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان بینک کے 9 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کئے جا رہے ہیں، افغان سنٹر بنک کے اثاثوں تک طالبان کی رسائی ممکن نہیں ہونے دیں گے۔ جرمنی کی طرف سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ افغانستان کو فراہم کی جا نیوالی 43 کروڑ یورو کی امداد معطل کی جا رہی ہےجبکہ انسانی بنیادوں پر یورپی یونین نے افغانستان کیلئے امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔