ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے مالی سال 2024–25 کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 20 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے کے کیش انعامات دیے ہیں،یہ تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کی گئی سرکاری دستاویزات میں سامنے آئیں۔
دستاویزات کے مطابق قومی جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم سب سے زیادہ انعام حاصل کرنے والے کھلاڑی رہے، جنہیں مختلف عالمی کامیابیوں پر 15 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے گئے۔ اس کے علاوہ ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی 1 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد کا کیش انعام دیا گیا۔
ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کو عالمی ٹائٹل جیتنے پر 25 لاکھ روپے دیے گئے، جبکہ سارک اسنوکر چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں مزید 5 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔
ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں برونز میڈل حاصل کرنے والے احسن رمضان کو 5 لاکھ روپے دیے گئے، جبکہ سارک اسنوکر چیمپئن شپ میں برونز میڈل جیتنے پر محمد نسیم اختر کو 1 لاکھ روپے کا کیش انعام دیا گیا۔
جنوبی ایشیائی ریجنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 14 لاکھ 50 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے, اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے 30 لاکھ 50 ہزار روپے مختص کیے گئے۔
اسکواش کے شعبے میں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح کھلاڑیوں کو 17 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ورلڈ انڈر 23 انفرادی اسکواش چیمپئن شپ جیتنے والوں کو 75 لاکھ روپے کے کیش انعامات دیے گئے۔
دوسری جانب ایشین اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی کیش انعامات دیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 15 لاکھ روپے بنتی ہے۔
وفاقی حکومت کے مطابق ان کیش انعامات کا مقصد قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔