ویب ڈیسک:بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کر کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے، نیہا ککڑ نے اپنی پوسٹ میں زندگی کی تمام ذمہ داریوں، رشتوں اور کام سے وقفہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس وقت خود کو تنہا رکھنے کی ضرورت ہے۔
نیہا ککڑ نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ذمہ داریوں، رشتوں، کام اور ہر اس چیز سے وقفہ لوں جو اس وقت میرے ذہن میں ہے، مجھے نہیں معلوم کہ میں واپس آؤں گی یا نہیں، شکریہ۔‘
انہوں نے اپنے پیغام میں میڈیا اور مداحوں سے خصوصی اپیل بھی کی، کہا کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے، براہِ کرم میری نجی زندگی کا احترام کریں اور مجھے اس دنیا میں آزادانہ جینے دیں۔
نو کیمرا پلیز! یہ چیز ہے جو آپ میرے سکون کے لیے دے سکتے ہیں۔‘‘
نیہا ککڑ کا یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی اور مداح ان کی ذہنی کیفیت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب نیہا ککڑ نے سوشل میڈیا سے وقفے کا عندیہ دیا ہو، ماضی میں بھی وہ مختلف اوقات میں جذباتی دباؤ، منفی تنقید، انڈسٹری کے دباؤ اور ذہنی صحت کے مسائل کا ذکر کرتی رہی ہیں۔
سال 2020 میں نیپوٹزم پر ہونے والی بحث کے دوران بھی انہوں نے سوشل میڈیا سے عارضی کنارہ کشی اختیار کی تھی، جبکہ اس سے قبل وہ ڈپریشن اور مداحوں کی جانب سے تنقید پر بھی کھل کر بات کر چکی ہیں۔
تاہم حالیہ پیغام کو مداح نیہا ککڑ کے لیے سب سے زیادہ تشویشناک قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس میں انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ دوبارہ واپس آئیں گی یا نہیں۔