(ویب ڈیسک) میٹا کی زیرِ ملکیت مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے طویل عرصے سے زیرِ آزمائش یوزر نیم (Username) فیچر کو مرحلہ وار متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔
فی الحال یہ سہولت محدود تعداد میں صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، تاہم توقع ہے کہ جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔
اس نئے فیچر کی بدولت صارفین اپنے فون نمبر کے بجائے منفرد یوزر نیم شیئر کرکے نئی گفتگو کا آغاز کرسکیں گے، جس سے ذاتی فون نمبر کو زیادہ محفوظ اور نجی رکھنے میں مدد ملے گی۔ البتہ واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے اور استعمال کرنے کے لیے فون نمبر بدستور لازمی ہوگا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، طویل آزمائشی مرحلے کے بعد کمپنی نے اس فیچر کی محدود پیمانے پر فراہمی شروع کر دی ہے۔ یہ سہولت صرف بیٹا صارفین تک محدود نہیں بلکہ چند عام صارفین کو بھی دستیاب ہے، جنہیں ایپ کی ہوم اسکرین پر ایک نیا بینر نظر آ رہا ہے جو یوزر نیم فیچر کی دستیابی کی تصدیق کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے منفرد یوزر نیم کو نئے رابطوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے، جس سے فون نمبر ظاہر کیے بغیر رابطہ قائم کرنا ممکن ہوگا۔ یہ فیچر مکمل طور پر اختیاری ہوگا، یعنی صارفین چاہیں تو صرف فون نمبر استعمال کریں یا فون نمبر کے ساتھ یوزر نیم بھی رکھ سکتے ہیں۔
واٹس ایپ نے یہ بھی بتایا ہے کہ اگر آپ کے کسی محفوظ کانٹیکٹ نے اپنا یوزر نیم بنایا یا تبدیل کیا تو اس بارے میں آپ کو سسٹم نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
کمپنی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ ایک صارف کتنی مرتبہ اپنا یوزر نیم تبدیل کرسکے گا، تاہم عندیہ دیا گیا ہے کہ اس پر کچھ نہ کچھ حد ضرور مقرر ہوگی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صارفین چاہیں تو اپنا موجودہ فیس بک یا انسٹاگرام یوزر نیم بھی واٹس ایپ پر استعمال کرسکیں گے، بشرطیکہ وہ دستیاب ہو۔
واٹس ایپ کے مطابق ہر یوزر نیم کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہونا چاہیے۔