ویب ڈیسک: ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ گزشتہ رات کی درمیانی شب ٹیسٹ کے دوران دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ واقعہ ریاست ٹیکساس کے شہر بوکا چیکا میں اسپیس ایکس کے اسٹار بیس لانچنگ سینٹر پر پیش آیا۔
کیمیرون کاؤنٹی حکام کے مطابق "اسٹار شپ 36 ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔" یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے (جمعرات 4 بجے صبح جی ایم ٹی) پیش آیا۔
واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میگا راکٹ لانچ آرم کے ساتھ منسلک تھا کہ اچانک زور دار روشنی ہوئی اور آسمان کی جانب شعلے بلند ہوگئے۔
اسپیس ایکس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "اسٹار شپ 36 اپنے دسویں فلائٹ ٹیسٹ کی تیاری کے دوران ٹیسٹ اسٹینڈ پر شدید تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا، تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔"
کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ حادثے کے وقت حفاظتی اقدامات مکمل تھے اور تمام عملہ محفوظ رہا۔ "سائٹ کے گرد حفاظتی حدود قائم تھیں اور آس پاس کی رہائشی آبادی کو کوئی خطرہ نہیں۔
کمپنی حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ عوام سے گزارش ہے کہ جب تک حفاظتی کارروائیاں مکمل نہیں ہوتیں، متاثرہ مقام کے قریب جانے سے گریز کریں۔
اسپیس ایکس نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’ یہ حادثہ ایلون مسک کے اس خواب کو عارضی طور پر دھچکا قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت وہ انسانیت کو مستقبل میں مریخ سمیت دیگر سیاروں پر آباد کرنا چاہتے ہیں‘۔