ایشیاکپ: سری لنکن کرکٹر دنیتھ ویلالاگےکے والد انتقال کرگئے

ایشیاکپ: سری لنکن کرکٹر دنیتھ ویلالاگےکے والد انتقال کرگئے
کیپشن: ایشیاکپ: سری لنکن کرکٹر دنیتھ ویلالاگےکے والد انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: ایشیا کپ کے دوران سری لنکن کرکٹر دنیتھ ویلالاگے کے لیے خوشی کے لمحات غم میں بدل گئے جب انہیں افغانستان کے خلاف میچ کے فوراً بعد اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔

سری لنکن ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات میں جاری ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے اور میچ کے اختتام پر ٹیم منیجر نے کھلاڑی کو والد کے انتقال کی اطلاع دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیتھ ویلالاگے کے والد کی طبیعت کچھ عرصے سے ناساز تھی اور سری لنکن ٹیم مینجمنٹ کو ان کی بگڑتی صحت سے متعلق مسلسل معلومات دی جا رہی تھیں۔ تاہم میچ کے دوران ویلالاگے کو والد کی وفات کی خبر نہیں دی گئی تاکہ ان کی کارکردگی پر اثر نہ پڑے۔ میچ ختم ہوتے ہی ٹیم منیجر نے انہیں یہ سانحہ بتایا جس کے بعد ڈریسنگ روم کا ماحول سوگوار ہو گیا۔

گزشتہ روز افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں نوجوان اسپنر دنیتھ ویلالاگے نے چار اوورز میں 49 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ میچ کے دوران ایک موقع پر افغان آل راؤنڈر محمد نبی نے ان کے چوتھے اوور میں مسلسل پانچ چھکے لگائے، جس پر ویلالاگے قدرے دباؤ کا شکار دکھائی دیے، تاہم انہوں نے میچ مکمل کیا اور ٹیم کے لیے اہم بریک تھرو بھی فراہم کیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ویلالاگے کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم اور شائقین اس مشکل گھڑی میں کھلاڑی کے ساتھ ہیں۔ امکان ہے کہ وہ والد کے آخری رسومات میں شرکت کے لیے جلد از جلد وطن واپس روانہ ہوں گے۔ سری لنکن شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ویلالاگے کے لیے ہمدردی اور دعاؤں کے پیغامات بھیجے ہیں۔

افغان کرکٹرمحمد نبی کا اظہارتعزیت:

افغان کرکٹر محمد نبی نے دنیتھ ویلالاگے کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیان میں محمد نبی کا کہنا تھا کہ دُنیتھ ویلالاگے اور ان کے اہل خانہ سے اُن کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔حوصلہ رکھیں میرے بھائی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں محمد نبی نے دنیتھ ویلالاگے کو مسلسل 5 چھکے لگائے تھے۔

Watch Live Public News