(ویب ڈیسک ) بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی ہے۔اس حوالے سے نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
جاری نوٹم کے مطابق 24 ستمبر 2025 صبح 5 بجے تک بھارتی طیارے پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔بھارتی رجسٹرڈ طیاروں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔
نوٹم کے مطابق بھارتی ایئرلائنز/آپریٹرز کے زیرِ ملکیت یا کرائے کے طیارے بھی اس پابندی میں شامل ہیں ۔اسی طرح بھارتی فوجی پروازوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

یاد رہے کہ 23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔اگلے ہی دن پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نےبھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 23 مئی کو پہلی مرتبہ ایک ماہ کی توسیع کی تھی،اس کے بعد 23 جون کو اس میں مزید توسیع کی گئی۔پھر 19 جولائی کو ایک اور نوٹم جاری کیا گیا جس کے تحت پابندی پاکستانی وقت کے مطابق 24 اگست کی صبح 4 بجکر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔