ویب ڈیسک: امریکا کے جنگی طیاروں کے گرین لینڈ پہنچنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچ جائیں گے۔
نوراڈ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ کی حکومت کو بھی اس منصوبہ بندی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی طیاروں کی نئی کھیپ پہنچانے کے لیے ڈنمارک حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور امریکی فورسز کو ضروری سفارتی اجازت نامے بھی حاصل ہیں۔
یاد رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا خود مختار علاقہ ہے، اور 1951 میں امریکا اور ڈنمارک کے درمیان گرین لینڈ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا نے گرین لینڈ کو ممکنہ جارحیت سے محفوظ رکھنے کا عزم کیا تھا۔
اسی طرح امریکا اور کینیڈا نے 1958 میں سرد جنگ کے آغاز پر دفاعی معاہدہ نوراڈ پر دستخط کیے تھے۔ نوراڈ کا بنیادی مقصد بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کے بارے میں بروقت اطلاعات فراہم کرنا ہے۔