گوگل کی 28 سالہ تاریخ میں سرچ ٹریفک کا نیا ریکارڈ قائم

 گوگل کی 28 سالہ تاریخ میں سرچ ٹریفک کا نیا ریکارڈ قائم
کیپشن: گوگل کی 28 سالہ تاریخ میں سرچ ٹریفک کا نیا ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک سنسنی خیز میچ نے گوگل کی 28 سالہ تاریخ میں سرچ ٹریفک کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل پر عام طور پر ہر سیکنڈ 99 ہزار سے زائد اور روزانہ تقریباً 9 ارب سرچز کی جاتی ہیں، تاہم کمپنی کے مطابق ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ کے دوران سرچ ٹریفک نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔

گوگل کے شعبہ نالج اینڈ انفارمیشن کے سربراہ نک فوکس کے مطابق 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے فوراً بعد گزشتہ 28 برس میں سب سے زیادہ سرچ ٹریفک ریکارڈ کی گئی۔

اگرچہ گوگل نے سرچز کی درست تعداد جاری نہیں کی، تاہم کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن گول کے بعد فی سیکنڈ ہونے والی سرچز نے نیا ریکارڈ قائم کیا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے پوری دنیا ایک ہی موضوع تلاش کر رہی ہو۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اسپین نے فائنل میں ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر جیتا اور 16 سال بعد دوسری بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

Watch Live Public News