عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس افسران کے بقایا جات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس افسران کے بقایا جات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری
کیپشن: عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس افسران کے بقایا جات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

ویب ڈیسک: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس افسران (ینگ ڈاکٹرز) کے بقایا جات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے تمام واجبات دو ماہ کے اندر ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ہاؤس افسران 69 ہزار 600 روپے ماہانہ وظیفے کے قانونی حقدار ہیں اور کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر تمام متاثرہ ڈاکٹرز کے بقایا جات لازمی طور پر ادا کرے۔

درخواست گزار وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نوجوان ڈاکٹرز کو بلاجواز ان کے جائز وظیفے سے محروم رکھا گیا، اور عدالتی مداخلت کے باوجود صرف جزوی ادائیگی کی گئی جبکہ باقی رقم روک لی گئی۔

وکیل کے مطابق سندھ حکومت کے منظور شدہ قواعد اور پی ایم ڈی سی ریگولیشنز کے تحت ہاؤس افسران کو 69 ہزار 600 روپے ماہانہ وظیفہ ادا کرنا لازمی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وظیفہ ڈاکٹرز کا قانونی حق ہے اور ایک ہی بیچ کے کچھ افسران کو ادائیگی جبکہ دیگر کو محروم رکھنا امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔

آئینی بینچ نے فنڈز کی کمی کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس بنیاد پر ڈاکٹروں کے وظائف روک نہیں سکتی، کیونکہ ادارے کے اپنے آمدنی کے ذرائع بھی موجود ہیں۔

عدالت نے تنبیہ کی کہ اگر دو ماہ کے اندر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 
 

Watch Live Public News