(ویب ڈیسک) دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے خبردار کیا ہے کہ سال 2029 تک دنیا ایک بڑے سائبر خطرے ’’کیو ڈے‘‘ (Q-Day) کا سامنا کر سکتی ہے، جو بینکنگ، کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹمز کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ کوانٹم کمپیوٹرز بھی غیرمعمولی طاقت حاصل کر رہے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے برسوں میں یہ کمپیوٹرز موجودہ دور کے مضبوط ترین پاس ورڈز اور انکرپشن سسٹمز کو چند لمحوں میں توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’کیو ڈے‘‘ دراصل وہ مرحلہ ہوگا جب کوانٹم کمپیوٹرز اتنے جدید ہو جائیں گے کہ آج استعمال ہونے والے ڈیجیٹل سیکیورٹی نظام مؤثر نہیں رہیں گے۔ اس کے نتیجے میں انٹرنیٹ پر محفوظ کیا گیا حساس ڈیٹا، بینکنگ معلومات اور آن لائن مالیاتی نظام شدید خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز اس وقت بھی بڑی مقدار میں ڈیٹا چوری کر رہے ہیں، جسے مستقبل میں کوانٹم ٹیکنالوجی کی مدد سے آسانی سے ڈی کوڈ کیا جا سکے گا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آن لائن بینکنگ، بلاک چین، کرپٹو والٹس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ای میلز اور سرکاری ڈیٹا سسٹمز غیر محفوظ ہو جائیں گے۔
اس ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر دنیا بھر میں جدید اور زیادہ محفوظ سیکیورٹی سسٹمز تیار کرنے پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔ ماہرین نے حکومتوں اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 2029 کا انتظار کرنے کے بجائے ابھی سے اپنے سیکیورٹی نظام اپ گریڈ کریں تاکہ مستقبل کے اس بڑے ڈیجیٹل خطرے سے بچا جا سکے۔