پاک افغان جنگ بندی معاہدے پر سعودی عرب کا ردعمل آگیا

پاک افغان جنگ بندی معاہدے پر سعودی عرب کا ردعمل آگیا
کیپشن: پاک افغان جنگ بندی معاہدے پر سعودی عرب کا ردعمل آگیا

ویب ڈیسک: سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے فیصلے کا پرزور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

 سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک مضبوط بنیاد کے طور پر دیکھتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ہر اُس سفارتی اور بین الاقوامی کوشش کی مکمل حمایت کرتا ہے جس کا مقصد جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا ہو، تاکہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ایک پُرامن مستقبل کی جانب گامزن ہوسکیں اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ مملکت نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ جنگ بندی دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل کو تقویت دے گی اور خطے کو دہشت گردی، سرحدی تنازعات اور عدم استحکام جیسے چیلنجز سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوگی۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اس موقع پر قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو بھی بھرپور طور پر سراہا، جنہوں نے تنازع کو کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو کامیابی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مملکت نے ان ممالک کی غیرجانبدارانہ کاوشوں کو خطے کی قیامِ امن کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی اور سرحدی جھڑپوں کے بعد بالآخر قطر میں دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان جنگ بندی (سیز فائر) معاہدہ طے پایا۔ اس حوالے سے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی علاقائی خودمختاری کے احترام، سرزمین کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے اور امن کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے امید کی نئی کرن ہے بلکہ خطے میں سیاسی اور معاشی تعاون کے مستقبل کو بھی روشن بنا سکتا ہے۔

Watch Live Public News