فیس بک پر محبت کی شادی کے بعددلہے کا نئی نویلی دلہن کو پہچاننے سے انکار

فیس بک پر محبت کی شادی کے بعددلہے کا نئی نویلی دلہن کو پہچاننے سے انکار
کیپشن: فیس بک پر محبت کی شادی کے بعددلہے کا نئی نویلی دلہن کو پہچاننے سے انکار

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے ۔جہاں شادی کے فوراً بعد ایک دُلہا نے اپنی ہی دُلہن کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ کی رہائشی ایک لڑکی اور اتر پردیش کے ضلع سون بھدر کے نوجوان کے درمیان فیس بک پر دوستی ہوئی۔ یہ دوستی جلد ہی رشتے میں بدل گئی اور دونوں کے درمیان طویل چیٹس اور ویڈیو کالز کے بعد شادی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نوجوان ایک بڑے ادارے میں ملازمت کرتا ہے اور اس نے لڑکی کو شادی کے خواب دکھائے، جس پر اس نے اپنا خاندان چھوڑنے تک کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں نے ایک مقامی مندر میں باقاعدہ شادی کی، روایتی " سات پھیروں" کی رسم ادا کی اور ایک دوسرے کو جیون ساتھی کے طور پر قبول کیا۔ تاہم کہانی نے ڈرامائی موڑ اس وقت لیا جب لڑکی اپنے شوہر کے گھر پہنچی۔ وہاں نوجوان نے مبینہ طور پر شادی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے حیران کن الفاظ کہے: "معاف کرنا، تم کون ہو؟ میں تمہیں نہیں جانتا۔"

اس اچانک انکار پر دُلہن صدمے سے دوچار ہوگئی اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ بعدازاں اس نے گھر کے باہر دھرنا دے دیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور معاملہ سنگین شکل اختیار کر گیا۔ حالات اس قدر کشیدہ ہوئے کہ پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔

دلہن نے پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نوجوان نے فیس بک کے ذریعے اسے رشتے کا جھانسہ دیا، شادی کی اور اب اسے اپنی بیوی کے طور پر قبول کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ لڑکی نے انصاف اور اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور شادی کے قانونی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ لڑکی کے الزامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر دعوے درست ثابت ہوئے تو ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News