بلوچستان کا حال اور مستقبل پاکستان سے جڑا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان کا حال اور مستقبل پاکستان سے جڑا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
کیپشن: بلوچستان کا حال اور مستقبل پاکستان سے جڑا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، جبکہ بلوچستان کی تقدیر کا فیصلہ صرف صوبے کے عوام ہی کریں گے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و استحکام اور ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مواقع کی کوئی کمی نہیں۔ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں، جن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر صوبے کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردِعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلا جھجک مقابلہ کیا جائے، جبکہ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام کے ذریعے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، جس سے صوبے کی معاشی اور سماجی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ فتنۂ خوارج اور فتنۂ ہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز کے طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان عناصر کا مقصد بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔

Watch Live Public News