(ویب ڈیسک ) غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، نڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت کا خیرمقدم کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ہر ملک اپنی متعلقہ قانونی اور دیگر ضروری داخلی کارروائیوں کے مطابق شمولیتی دستاویزات پر دستخط کرے گا۔
خیال رہے کہ مصر، پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے پہلے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کی کوششوں کے لیے اپنے ممالک کی حمایت کا اعادہ کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ بورڈ آف پیس کے مشن کے نفاذ میں تعاون کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔بورڈ آف پیس بوری انتظامیہ کے طور پر جامع منصوبہ برائے اختتامِ تنازعۂ غزہ کے تحت تشکیل دیا گیا ہے ۔بورڈ آف پیس کی توثیق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے ذریعے کی گئی ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مشن کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیرِ نو کی حمایت کرنا ہے، بورڈ آف پیس کا مقصد فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی، بین الاقوامی قانون کے مطابق، منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے۔