ویب ڈیسک: فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے کے نتیجے میں انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا، جس میں 16 افراد کی جانیں گئیں جبکہ متعدد زخمی ہو ئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور فیکٹری کے اطراف میں واقع کئی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ دھماکے کے فوری بعد، فیکٹری کے قریب ایک رہائشی گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے، دو خواتین، دو بزرگ افراد اور فیکٹری کے ملازمین شامل ہیں۔
علاقہ مکینوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیشِ نظر سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے حکام تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔