پنجاب  حکومت نے کچرا جمع کرنے کیلئے جدید منصوبہ شروع  کردیا

پنجاب  حکومت نے کچرا جمع کرنے کیلئے جدید منصوبہ شروع  کردیا

(ویب ڈیسک ) پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لئے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیا گیاہے۔پہلے مرحلے میں ’سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘ پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری  دی گئی ہے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جامع منصوبہ شروع کردیاہے۔پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لئے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیا گیاہے۔پہلے مرحلے میں ’سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘ پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔

پنجاب حکومت کے حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ سرکاری ونجی درسگاہوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں ۔سینئر وزیر ماحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔ رانا سکندر وزیرِ تعلیم اورذیشان ملک وزیر لوکل گورنمنٹ کو ٹارگٹس سونپ دئیے گئے ۔30 ستمبر تک تمام سکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی۔یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا، رنگدار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے ۔الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا کوڑاکرکٹ جمع کیاجائے گا۔

 ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی ۔سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری میں استعمال ہونیو الا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا ۔سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی ۔لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لئے استعمال ہوں گے ۔نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لئے استعمال کئے جائیں گے ۔

ان اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لئے استعمال کیاجائے گا ۔اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے ۔

پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139)پر تعلیمی ادارے کچرے کو اٹھانے کے لئے رابطہ بھی کرسکتے ہیں ۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درسگاہوں کا معائنہ بھی کرے گی ۔معیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیاجائے گا۔

Watch Live Public News