کسان اتحاد کا 25 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ملین مارچ کا اعلان

کسان اتحاد کا 25 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ملین مارچ کا اعلان
کیپشن: کسان اتحاد کا 25 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ملین مارچ کا اعلان

ویب ڈیسک: کسان اتحاد نے 25 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ملین مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حکومتی پالیسیاں مزید ڈھائی سال جاری رہیں تو کسان تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کہا کہ 25 ستمبر کو وزیراعظم کے سامنے کسانوں کا مقدمہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی آواز ایوانوں تک پہنچانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ آٹے کی قیمت ہے، جبکہ بلوچستان کے بعد اسلام آباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے۔ ان کے مطابق گندم کی نئی فصل آنے میں ابھی 6 سے 8 ماہ باقی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت گندم 6 ہزار سے ساڑھے 7 ہزار روپے فی من فروخت ہورہی ہے اور آئندہ 3 سے 4 ماہ میں اس کی قیمت 10 ہزار روپے فی من سے تجاوز کرسکتی ہے۔

چیئرمین کسان اتحاد نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے گندم کا قومی ذخیرہ ختم کردیا ہے، جبکہ پاسکو کے مراکز میں اربوں روپے کی گندم خراب ہورہی ہے اور کروڑوں روپے مالیت کی گندم کوڑیوں کے داموں نیلام کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا کسانوں سے گندم نہ خریدنے کا فیصلہ تباہ کن ثابت ہوا، جس کے باعث رواں سال کسانوں نے گندم کی کاشت 30 سے 40 فیصد تک کم کردی۔ ان کے مطابق کسان گندم کے بجائے زمین ڈیری اور چارے کے لیے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ کسانوں کو ’’مافیا‘‘ کہنا بند کیا جائے، اصل مسئلہ حکومتی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے پنجاب سے دیگر صوبوں کو گندم کی ترسیل روکنے کے فیصلے کو بھی ملکی اتحاد کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آلو کی فصل بھی کسانوں کے لیے خسارے کا سودا بن چکی ہے، جبکہ اسٹوریج مالکان آلو ذخیرہ کرنے کے لیے کسانوں سے اضافی رقم طلب کررہے ہیں۔

چیئرمین کسان اتحاد نے دعویٰ کیا کہ گندم کی ڈی ریگولیشن کے باوجود کسانوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور چھاپے مار کر گندم اٹھائی جارہی ہے۔ انہوں نے گندم اور گنے کے بحران پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔

خالد حسین باٹھ نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ حکومتی پالیسیاں مزید ڈھائی سال جاری رہیں تو ملک کا کسان تباہ ہوجائے گا۔

Watch Live Public News