حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر معروف فٹبالر میسی پر جرمانہ عائد

حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر معروف فٹبالر میسی پر جرمانہ عائد
کیپشن: حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر معروف فٹبالر میسی پر جرمانہ عائد

ویب ڈیسک: امریکا اور کینیڈا کی معروف فٹ بال لیگ میجر لیگ سوکر (MLS) نے حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر انٹر میامی کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی پر جرمانہ عائد کردیا۔

19 اگست کو انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 سے برابر رہا، تاہم اختتامی لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

MLS کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق میسی نے فلاڈیلفیا یونین کے مڈفیلڈر کوئن سلیوان کی گردن پر ہاتھ مارا، جو لیگ کی ڈسپلنری پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم میسی پر عائد جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔

میچ کے دوران میسی اور کوئن سلیوان کے درمیان تلخی ہوئی تھی۔ میسی کا مؤقف تھا کہ پاس دینے کے بعد سلیوان نے انہیں کہنی ماری تھی۔ ریفری نے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا، تاہم بعد میں میسی نے سلیوان کی گردن پر ہلکا سا تھپڑ مار دیا۔

میسی کے علاوہ انٹر میامی کے کھلاڑی ایان فرے پر بھی کوئن سلیوان سے الجھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

میچ کے اضافی وقت میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور ہاتھا پائی کے بعد انٹر میامی کے یانک برائٹ اور فلاڈیلفیا یونین کے کیون سلیوان کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ بعد ازاں نظرثانی کے بعد کیون سلیوان کا ریڈ کارڈ منسوخ کردیا گیا۔

میچ میں میسی نے انٹر میامی کی جانب سے ایک گول بھی کیا، جو لیگ میں کلب کے لیے ان کا دوسرا گول تھا۔

میسی 2023 میں انٹر میامی کا حصہ بنے تھے، جہاں ان کے سابق بارسلونا ساتھی لوئس سواریز، سرجیو بسکیٹس اور جورڈی البا بھی کھیل رہے ہیں۔

Watch Live Public News