سال 2025 کامختصر ترین دن آج ہے

سال 2025 کامختصر ترین دن آج ہے
کیپشن: سال 2025 کامختصر ترین دن آج ہے

ویب ڈیسک: آپ سال کی طویل ترین رات گزار چکے ہیں، جبکہ آج کا دن سال کا مختصر ترین دن قرار دیا گیا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق ہر سال 21 اور 22 دسمبر کو ’ونٹر سولسٹس‘ کا فلکیاتی مظہر رونما ہوتا ہے، جس کے باعث راتیں سب سے طویل اور دن سب سے مختصر ہو جاتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سال کی طویل ترین رات کا دورانیہ 13 گھنٹے اور 25 منٹ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کا دورانیہ صرف 10 گھنٹے اور 35 منٹ رہا۔ یہ پورے سال میں دن اور رات کے دورانیے کا سب سے نمایاں فرق ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ونٹر سولسٹس زمین کی سورج کے گرد گردش اور اس کے محور کے جھکاؤ کے باعث وقوع پذیر ہوتا ہے۔ یونیورسٹی آف سان فرانسسکو کے ماہرِ فلکیات اینڈریو فریکنوئی کے مطابق زمین کا محور سیدھا نہیں بلکہ جھکا ہوا ہے، جس کی وجہ سے سردیوں میں شمالی نصف کرے سورج سے دور کی جانب جھک جاتا ہے اور سورج کم وقت کے لیے آسمان پر نظر آتا ہے۔ اسی جھکاؤ کے نتیجے میں موسموں کی تبدیلی واقع ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کے محور کا یہ جھکاؤ نہایت قدیم ہے اور یہی جھکاؤ شمالی اور جنوبی نصف کرے میں مختلف موسموں کی وجہ بنتا ہے۔ چنانچہ جب شمالی نصف کرے میں سردی ہوتی ہے تو جنوبی نصف کرے میں گرمی کا موسم ہوتا ہے۔

تاریخی طور پر ونٹر سولسٹس کو دنیا بھر کی قدیم تہذیبوں میں خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق برطانیہ میں موجود تاریخی مقام اسٹون ہینج سمیت کئی قدیم آثار اس انداز سے تعمیر کیے گئے کہ وہ ونٹر سولسٹس کے موقع پر سورج کی مخصوص پوزیشن کی نشاندہی کرتے ہیں۔

قدیم اقوام اس دن کو اندھیرے کے خاتمے اور روشنی کی واپسی کی علامت سمجھتی تھیں، اسی لیے اسے خوشی، امید اور تجدیدِ حیات کے طور پر منایا جاتا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج بھی مختلف مذاہب اور ثقافتوں میں سردیوں کے تہواروں کے دوران روشنی کا استعمال، جیسے کرسمس لائٹس یا یہودی تہواروں میں شمعدان، اسی قدیم روایت کا تسلسل ہے۔

ماہرین کے مطابق ونٹر سولسٹس کے بعد دن بتدریج طویل اور راتیں مختصر ہونا شروع ہو جاتی ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ اب روشنی میں اضافہ ہوگا، تاہم سردی کا موسم کچھ عرصہ مزید برقرار رہ سکتا ہے۔

Watch Live Public News