امریکی حملے ناقابلِ معافی، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کابڑااعلان

امریکی حملے ناقابلِ معافی، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کابڑااعلان
کیپشن: امریکی حملے ناقابلِ معافی، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کابڑااعلان

ویب ڈیسک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے حالیہ فضائی حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے نتائج دیرپا اور ناقابلِ فراموش ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے سوشل میڈیا بیان میں عراقچی نے واضح کیا کہ ایک ایسا ملک جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے، وہ خود اقوامِ متحدہ کے بنیادی اصولوں کو پامال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ نیوکلیئر عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ان حملوں کو "غیر قانونی، اشتعال انگیز اور ناقابلِ قبول" قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ امریکا کی اس "خطرناک روش" پر خاموش نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات عالمی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا: " ایران اپنے عوام، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ راستے کھلے رکھتا ہے۔"

یہ بیان عباس عراقچی کی جانب سے امریکی حملوں کے بعد پہلا براہِ راست ردعمل ہے، جس میں انہوں نے عالمی سطح پر امریکا کے خلاف شدید تشویش کا اظہار کیا اور تہران کے مؤقف کو دوٹوک انداز میں واضح کیا۔

Watch Live Public News