(ویب ڈیسک)فوکل پرسن شیعہ علما کونسل پنجاب قاسم علی قاسمی کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شیعہ علماء سے ملاقات کو سوشل میڈیا پر منفی رنگ دیا جا رہا ہے، ملاقات کو غلط رنگ دینے والوں کا سیاسی ایجنڈا مسترد کرتے ہیں۔ فرقہ واریت پھیلانے والوں کو باز آنا چاہیے۔
فوکل پرسن شیعہ علماء کونسل پنجاب قاسم علی قاسمی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے دراصل غزہ کی حمایت کی وجہ سے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ایران کا “جرم” صرف فلسطین کی حمایت کرنا ہے۔
قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ 61 ہجری میں کربلا کیسے برپا ہوئی اور حسینی کردار کیا ہوتا ہے، جبکہ ایران کا قیام امت مسلمہ کی عظمت کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ، دیوبندی، سنی اور اہل حدیث ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستانی عوام و حکومت بھی ایران کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ایران پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک باہمی تعلقات کا حق ادا کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی عوام بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات کو سوشل میڈیا پر منفی رنگ دیا جا رہا ہے، جسے شیعہ علماء کرام مسترد کرتے ہیں اور اسے سیاسی ایجنڈا قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے فرقہ واریت پھیلانے والوں کو خبردار کیا کہ وہ اس عمل سے باز آئیں۔
قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کی فوج کمزور نہیں، اور اس کی مضبوطی کا اندازہ بھارتی وزیر اعظم سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فوج کو کمزور کرنے کی کوششیں دراصل عالم اسلام اور ایران کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای نے پاکستانی عوام کو عید کے موقع پر پیغام بھیجا اور شکریہ ادا کیا۔
آخر میں انہوں نے شہید رہبر معظم خامنہ ای، علی لاریجانی اور میناب اسکول کی طالبات کی شہادت پر اظہار تعزیت بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔