(ویب ڈیسک ) ڈاکٹر محمد قاسم محمود کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) بیسٹ ینگ ریسرچر ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی (ITU) پنجاب کے لیے یہ ایک غیرمعمولی اعزاز ہے کہ اس کے قابل فخر فیکلٹی رکن، ڈاکٹر محمد قاسم محمود، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور چیئرمین شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ، نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے دسویں ریسرچ ایوارڈز میں HEC Best Young Researcher Award حاصل کر لیا ہے۔
یہ ایوارڈ ایسے نوجوان محققین کو دیا جاتا ہے جن کی عمر 40 سال سے کم ہو اور جن کی تحقیق نہ صرف سائنسی ترقی کو آگے بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہو بلکہ وہ پاکستان کو درپیش سماجی چیلنجز کے حل میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہے ہوں۔ اس ایوارڈ کے ذریعے ان محققین کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کی تحقیقی صلاحیتوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر قاسم محمود کی تحقیقی خدمات عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے نینو فوٹونکس، میٹا میٹیریلز، اور اپلائیڈ الیکٹرو میگنیٹکس جیسے پیچیدہ سائنسی شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے، جس کے نتیجے میں 90 سے زائد تحقیقی مضامین بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ ان کی تحقیق کو نہ صرف تعلیمی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے بلکہ یہ صنعتی اور تکنیکی میدانوں میں بھی نئے در وا کرنے میں ممد معاون ثابت ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر قاسم محمود کو اس سے قبل 2023 میں ICO/ICTP Gallieno Denardo Award سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہیں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی عالمی سطح پر ممتاز ترین 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست میں بھی دو سال مسلسل شامل کیا گیا (2021 اور 2022)، جو ان کی تحقیق کی بین الاقوامی اہمیت کا ثبوت ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں بطور چیئرپرسن، ڈاکٹر قاسم نے نہ صرف تحقیقی ماحول کو فروغ دیا بلکہ قومی اور بین الاقوامی اداروں سے تعاون کے کئی نئے مواقع پیدا کیے۔ ان کی رہنمائی میں شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ نے کئی قابل قدر تحقیقی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر اداروں سے نمایاں فنڈنگ حاصل کی۔
ڈاکٹر قاسم کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ میرے لیے ایک اعزاز ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے۔ میں اپنی تحقیق کے ذریعے پاکستان میں علم، تحقیق اور سائنسی جدت کے فروغ کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ، ڈاکٹر محمد قاسم محمود کی اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہے اور ان کے مستقبل کے تحقیقی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔