ویب ڈیسک:’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میڈیا ہمارا فخر ہیں، دنیا کو بتائیں ہم سچ بولتے ہیں۔
آج ایوان صدر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘کے اعزاز سے نوازا گیا، آرمی چیف عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، جس میں غیر ملکی سفارت کاروں، سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، صدر ن لیگ میاں نواز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس بھی موجود تھے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،ارکان پارلیمنٹ، گلگت بلتستان کے گورنر اور وزیراعلیٰ سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز بھی تقریب میں موجود تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سید عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نوازا۔
فیلڈ مارشل کی بیٹن آف فیلڈ مارشل لینے کے بعد مبارکباد وصول کرتے ہوئے ایوان صدر میں سینئر صحافیوں سے گفتگو ، فیلڈ مارشل نے کہا میڈیا ہمارا فخر ہیں، دنیا کو بتائیں ہم سچ بولتے ہیں،ہم نے ثابت کیا مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا پلرہے،آپ نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی، آپریشن بنیان مرصوص کا نام بہت سوچ سمجھ کر مشاورت کے بعد رکھا ، اور اس کا مطلب بہت واضح ہے اور ہم اللہ کی مدد سے اسٹیل کی دیوار ثابت ہوئے ۔
ہم نے پہلے کہا تھا کہ پاکستان جب جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمدللہ ایسا ہی ہوا ، بلوچستان میں بچوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف بھرپور جوابی کاروائی جاری ہے ۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں شکر الحمدللہ ہم نے دشمن کو اپنی سرزمین اور فضائی حدود میں بھی داخل نہیں ہونے دیا ۔