ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی بالآخر تصدیق ہو گئی ہے۔ اداکارہ کی بہن رمشا اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مومنہ اقبال کا نکاح یکم جون کو محمد حمزہ حبیبی کے ساتھ ہوگا۔
رمشا اقبال کے مطابق یہ رشتہ دونوں خاندانوں کی رضا مندی سے طے پایا ہے اور مومنہ کے ہونے والے شوہر کا خاندان سے کوئی قریبی رشتہ نہیں۔
اداکارہ اس وقت ایک حساس تنازع کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔ مومنہ اقبال نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک انسٹا اسٹوری بھی شیئر کی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی شروع کر دی۔
مومنہ اقبال کے کیس کی پیروی ان کی بہن رمشا اقبال کر رہی ہیں، جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمشا اقبال نے بتایا کہ کیس میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور تمام شواہد متعلقہ اداروں کو فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایک ایم پی اے کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان اس معاملے کو غیر ضروری طور پر میڈیا میں اچھالنا نہیں چاہتا، تاہم حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ رمشا اقبال کے مطابق مومنہ اقبال کے سسرالی خاندان کو بھی دھمکیوں کے باعث سکیورٹی دی گئی ہے۔
رمشا اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیرونِ ملک سے وکالت کی تعلیم حاصل کی ہے اور پاکستان میں قانونی معاملات کا تجربہ بھی رکھتی ہیں، اسی لیے وہ اپنی بہن کے کیس کو خود دیکھ رہی ہیں۔