(ویب ڈیسک ) جماعت اسلامی کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات تک لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ موخر کر رہے ہیں تاہم دھرنے اور احتجاج جاری رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد ہم نے طے کیا ہے اپنے احتجاج سے دستبردارنہیں ہوں گے ۔ دھرنے جاری رہیں گے، کیمپ لگائیں گے ۔ہمارے کارکن مسلسل میدان میں موجود رہیں گے۔پلان اے،بی، سی کے مطابق کئی جگہوں سے اسلام آباد آنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا کوئی فساد، انتشار، جھگڑا نہیں ہے ۔ہمارا ایجنڈا عوام کا ریلیف ہے، ریلیف نہیں دیتے تو پھر لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کا کہا۔
وزیر اعظم نے گفتگو میں کہا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو ان مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کر رہی ہے،حکومت جس قدر ممکن ہوا عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے وزیرِ اعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی دھرنا مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے۔دونوں رہنماؤں نے وزیرِ اعظم کے دورے کے بعد ملاقات پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کا مزید مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔