ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے کراچی میں ای چالان کے بھاری جرمانوں پر نظرِ ثانی اور ان میں کمی کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ یہ فیصلہ سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے الیکٹرانک ٹریفک چالان کے اجلاس میں ہونے والی گفتگو کے بعد سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای چالان سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی شرکت کی اور شہریوں کی جانب سے بھاری جرمانوں پر آنے والی شکایات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے موٹر سائیکل سواروں پر عائد کیے گئے بھاری جرمانوں کا معاملہ اٹھایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس پر اتفاق کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کے لیے ای چالان جرمانے کم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے بھی جرمانوں میں کمی کرنے پر اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس سے متوسط طبقے کے شہریوں کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
اجلاس میں علی خورشیدی نے واضح کیا کہ اپوزیشن ای چالان سسٹم کے خلاف نہیں ہے، تاہم موجودہ جرمانے عام شہریوں کے لیے حد سے زیادہ ہیں اور ان میں کمی ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق، ای چالان جرمانوں میں ممکنہ کمی سے متعلق سفارشات جلد حتمی شکل دی جائیں گی، جس کے بعد اس پر باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔